پاکستان نے نئے پیمنٹ سسٹم کے ساتھ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شمولیت اختیار کرلی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرزم پلس کے نام سے جدید ریئل ٹائم انٹربینک سیٹلمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو عالمی معیار کے جدید پیمنٹ سسٹمز کو استعمال کر رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے باضابطہ طور پر پرزم پلس کے نام سے نیا ریئل ٹائم انٹربینک سیٹلمنٹ میکنزم لانچ کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک کے پیمنٹ انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ڈیجیٹل طور پر شمولیتی معیشت کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام پاکستان کی مالیاتی مارکیٹ کے انفرااسٹرکچر کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
افتتاحی تقریب نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس (این آئی بی اے ایف) میں منعقد ہوئی، جس میں بینکوں کے سی ای اوز، مائیکرو فنانس اداروں، پیمنٹ سسٹم آپریٹرز، پیمنٹ سروس فراہم کرنے والوں، اسٹیٹ بینک کے سینئر حکام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اس موقع پر کہا کہ پرزم پلس اسٹیٹ بینک کے وژن 2028 کے مطابق ہے، جس کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل فنانشل انفرااسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانا ہے، اس نظام کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو ریٹیل اور بڑے پیمانے کی ادائیگیوں کے نظام کے لیے آئی ایس او 20022 عالمی میسجنگ اسٹینڈرڈ کو اپنا رہے ہیں۔
جدید معیارات پر مبنی یہ نظام بہتر سہولیات فراہم کرتا ہے جن میں اسٹرکچرڈ فنانشل میسجنگ، بہتر انٹر آپریبلٹی اور زیادہ شفافیت شامل ہیں۔
یہ سسٹم کئی جدید خصوصیات بھی متعارف کراتا ہے جن میں ریئل ٹائم لیکویڈیٹی مینجمنٹ، ٹرانزیکشن کی قطار بندی اور ترجیحی درجہ بندی، مستقبل کی تاریخ کی ادائیگیاں اور مرکزی سیکیورٹیز ڈپازٹری (سی ایس ڈی) کے ساتھ نیلامیوں، ریپوز اور مانیٹری آپریشنز کے لیے ہموار انضمام شامل ہے








































