پاکستان طالبان پر عائد پابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرنیوالی اقوام متحدہ کی کمیٹی کا چیئرمین مقرر
(اے پی پی) کے مطابق پاکستان کو طالبان پر عائد پابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرنے والی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کمیٹی کا چیئرمین اور اقوام متحدہ کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب چیئرمین مقرر کردیا گیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی مشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پاکستان کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو قرارداد 1988 (2011) کے تحت طالبان پر عائد پابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرتی ہے۔
علاوہ ازیں، پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا نائب چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے، جو قرارداد 1373 کے نفاذ کی نگرانی کرتی ہے جو 2001 میں منظور کی گئی تھی۔
پاکستان کی اقوام متحدہ میں مشن کی جانب سے ان تعیناتیوں کو اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر رسمی ورکنگ گروپ برائے دستاویزات (آئی ڈبلیو جی) اور حال ہی میں قائم ہونے والے غیر رسمی ورکنگ گروپ برائے پابندیوں کا شریک چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے۔
آئی ڈبلیو جی کا مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کام کے طریقوں، شفافیت، کارکردگی اور شمولیت کو بہتر بنانا ہے۔
اسی طرح، ورکنگ گروپ برائے پابندیوں کا مقصد اقوام متحدہ کی پابندیوں کے نظام کا دوبارہ جائزہ لے کر اس کے ڈیزائن، نفاذ اور مؤثریت کو بہتر بنانا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیاکہ یہ تعیناتیاں پاکستان کی اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ فعال مشغولیت بشمول سلامتی کونسل کے منتخب رکن کے طور پر اس کے تعمیری کردار کی بھی تصدیق ہیں۔
مزید کہا گیا کہ یہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف بھی ہیں۔
پاکستان نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ اور دوسرے رکن ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے کردار کو نبھانے کیلئے پرعزم ہے








































