
پاکستان اور برطانیہ کا جمہوریت، اصلاحات سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کا عزم
وفاقی اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکریٹری دانیال چوہدری نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
پاکستان اور برطانیہ سال 2011 سے اعلیٰ سطحی مکالمہ (ای ایس ڈی) میں مصروف عمل ہیں، جس میں دونوں ممالک نے بات چیت کو مزید گہرا اور وسیع کیا ہے، ای ایس ڈی میں تجارت، اقتصادی ترقی، ثقافتی تعاون، سیکیورٹی اور تعلیم جیسے شعبہ جات شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران، پارلیمانی سیکریٹری دانیال چوہدری نے پاکستان کی جمہوری سمت کو اجاگر کیا اور زور دیا کہ پائیدار جمہوریت کے لیے تعمیری مکالمہ اور مضبوط ادارے ناگزیر ہیں۔
وزارت خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق، ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد شہریوں سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت ہوئی، جن میں ٹیکس اور عمومی سہولت شامل تھیں۔
جین میریٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کی معاونت کے لیے جاری کوششوں کا خیر مقدم کیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے خدمات کو مزید بہتر بنانے میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
گفتگو کے دوران دانیال چوہدری نے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مزید ترقی کر سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان غلط معلومات کے خلاف اقدامات اور بین الاقوامی سطح پر اپنا مؤقف اجاگر کر رہی ہے۔
انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کو اپنی انتخابی حلقے میں کیے گئے تعلیمی اصلاحات کا مشاہدہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
اعلامیے کے مطابق دانیال چوہدری کی کوششوں کا مقصد بین الاقوامی معیار کے ادارے قائم کرنا اور سرکاری اسکولوں میں داخلے کی شرح بڑھانا ہے۔
ملاقات میں غربت کے خاتمے اور خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے معیارِ زندگی بہتر بنانے کی مختلف حکمتِ عملیوں پر بھی غور کیا گیا۔
رواں ہفتے کے آغاز میں ڈپٹی وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کا 2 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنی برطانوی ہم منصب انجیلا رینر سے ملاقات کی بلکہ پاکستانی نژاد برطانوی قانون سازوں اور کشمیری رہنماؤں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
رواں ماہ کے اوائل میں دونوں ممالک نے کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر توجہ مرکوز کی گئی۔
یہ اتفاقِ رائے جین میریٹ اور وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج کے درمیان راولپنڈی میں ملاقات کے دوران ہوا۔
رضا حیات ہراج کے مطابق پاکستان برطانیہ کو قریبی دوست اور ایک حقیقی ترقیاتی شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد رابطوں سے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر ہمارے مؤقف کو مربوط کرنے میں مدد ملی ہے۔ دونوں ممالک نے دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے