پاکستان اور امریکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کو حتمی شکل دینے پر اتفاق
محسن نقوی نے جوناتھن اتکیسن کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے امریکی کرکٹ بورڈ (یو ایس اے کرکٹ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوناتھن اٹکیسن سے ملاقات کی۔
محسن نقوی اور جوناتھن اٹکیسن کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے بورڈز کے مابین کرکٹ سیریز کرانے کے پروگرام کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یو ایس اے کرکٹ کے سی ای او کو ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے امریکا کے کوچز کو پاکستان میں تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے جوناتھن اٹکیسن کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے حکام کو کام کرنا چاہیے۔








































