
پاکستانی شیف مریم اشتیاق امریکی شو ’نیکسٹ لیول شیف‘ میں نظر آئیں گی
پاکستانی نژاد امریکی شیف اور کانٹینٹ کریئٹر مریم اشتیاق امریکی ریئلٹی شو ’نیکسٹ لیول شیف سیزن 4 ’میں نظر آئیں گی۔
امریکی رئیلٹی شو میں حصہ لینے کے حوالے سے پاکستانی نژاد امریکی شیف نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا۔
رواں ماہ 13 فروری سے شروع ہونے والے اس شو کے جج امریکی شیف نیشا آرنگٹن، ٹاپ شیف: آل اسٹارز کے فاتح رچرڈ بلائس اور گورڈن رامسے ہوں گے۔
پاکسانی نژاد شیف نے رواں ہفتے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں۔
انسٹاگرام کی ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے مسلسل اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے اپنے کیریئر میں بہت محنت کی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ہر کسی کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع نہیں ملتا، تاہم میں یہ موقع ملنے پر ناقابل یقین حد تک شکر گزار ہوں۔
انہوں نے فرط جذبات میں لکھا کہ ’میری دنیا بدلنے والی ہے‘
انہوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کرنے کا موقع ملنے کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس سےزیادہ خوشی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ آپ کو اتنے بڑی پلیٹ فارم پر وہ کرنے کا موقع ملے جو آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے