
ٹی سی پی کو ایک لاکھ ٹن چینی کیلئے کم سے کم 545 ڈالر فی میٹرک ٹن کی بولی مل گئی
سب سے کم بولی سوسڈن مڈل ایسٹ (یو اے ای) کی جانب سے 545 ڈالر فی میٹرک ٹن دی گئی ہے
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کے لیے کھولے گئے ٹینڈر میں گزشتہ ٹینڈر کے مقابلے میں کم ریٹ پر بولیاں موصول ہوئیں، ٹی سی پی کو ٹینڈر کے تحت کم سے کم بولی 545 ڈالر فی میٹرک ٹن ملی۔
ٹی سی پی کی رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ 8 ستمبر کو کھولے گئے ٹینڈر میں مجموعی طور پر 5 بولیاں موصول ہوئیں، جن میں فی میٹرک ٹن نرخ 545 سے 578.50 ڈالر تک موصول ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے کم بولی سوسڈن مڈل ایسٹ (یو اے ای) کی جانب سے 545 ڈالر فی میٹرک ٹن دی گئی ہے۔
ٹی سی پی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی شکایت کے اندراج کے لیے آج شام 5 بجے تک کا وقت مقرر ہے، جب کہ ٹینڈر ایوارڈ سے متعلق حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل 21 اگست کو کھولے گئے 2 لاکھ ٹن چینی کے ٹینڈر میں 6 بولیاں موصول ہوئی تھیں، جن میں سب سے کم بولی 560 ڈالر فی میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے رواں سال جولائی میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی، جو سرکاری سطح پر ٹی سی پی کے ذریعے درآمد کی جا رہی ہے، حکومت نے چینی کی درآمد پر ٹیکسوں کی رعایت بھی دی ہوئی ہے۔
پاکستان کی جانب سے 31 جولائی کو ایک لاکھ ٹن کے پچھلے ٹینڈر میں کسی خریداری کی اطلاع نہیں ملی تھی، اس وقت بھی سب سے کم قیمت 539 ڈالر فی ٹن (کاسٹ اینڈ فریٹ سمیت) تھی، تاجروں نے کہا تھا کہ چینی کی ترسیل کا انتظام اس طرح کیا جانا چاہیے کہ تمام چینی 20 اکتوبر تک پاکستان پہنچ جائے۔
بریک بلک سپلائیز کی ترسیل یکم سے 15 ستمبر کے درمیان 50 ہزار ٹن کے لیے مطلوب ہے، جب کہ باقی 25 ستمبر تک بھیجی جا سکتی ہے، سمندری کنٹینرز میں چینی بھی یکم سے 20 ستمبر کے درمیان بھیجی جا سکتی ہے