ویمنز ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ویشاکاپٹنم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے بھارت کا 252 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، 81 کے مجموعی پر جنوبی افریقہ ٹیم کی 5 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے پر شکست سر پر منڈلانے لگی تھی۔
تاہم 8ویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والی ندین دی کلیرک نے ناقابل یقین 54 گیندوں پر 84 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر بھارت سے یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔
ندین دی کلیرک نے جم کر بھارتی باؤلرز کا مقابلہ کیا، اس دوران انہوں نے شاندار 8 چوکے اور 5 چھکے بھی لگائے، اوپنر بیٹر اور کپتان لورا وولوراڈٹ نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جب کہ کلوئی ٹریون نے 49 رنز بنا کر جیت کو یقینی بنایا۔
بھارت کی جانب سے سنہ رانا اور کرانتی گاؤد 2،2 وکٹیں لے کر نمایاں رہیں۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 251 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، بھارت کی جانب سے رچا گوش نے 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے شاندار 94 رنز کی اننگز کھیلی، پرتیکا راول 37 اور سنہ رانا 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
جنوبی افریقہ ویمنز کی جانب سے کلوئی ٹریون 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہیں








































