ولاگرز کی مصنوعی زندگی معاشرے کو گمراہ کر رہی ہے، صرحا اصغر
ماڈل و اداکارہ صرحا اصغر کا کہنا ہے کہ ولاگرز اپنی غیر حقیقی اور دکھاوے پر مبنی طرزِ زندگی کے ذریعے معاشرے میں غلط رجحانات کو فروغ دے رہے ہیں، جو لوگوں کو حقیقت سے دور کر رہا ہے۔
صرحا اصغر نے حال ہی میں وکی خان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ولاگرز اور یوٹیوبرز جان بوجھ کر ایک ایسی زندگی دکھاتے ہیں جو عام زندگی سے کافی مختلف ہوتی ہے اور اگر وہ ایسا نہ کریں تو شاید لوگ انہیں دیکھیں ہی نہیں۔
ثنا یوسف کے قتل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد والدین کو اپنی آنکھیں کھول لینی چاہئیں اور بچوں کو اتنی کم عمری میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، کیونکہ جب بچے کم عمری میں سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں تو انہیں یہ شعور نہیں ہوتا کہ کون ان سے مخلص ہے اور کون نہیں۔
ان کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ اس عمر میں بچوں سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں، اگر تعلق مضبوط ہوگا تو بچے اپنی ہر بات والدین سے شیئر کریں گے۔
اداکارہ کے مطابق اس تعلق کا ایک اور فائدہ یہ ہوگا کہ اگر بچے کچھ غلط بھی کریں گے تو وہ والدین کے علم میں آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ثنا یوسف کے قتل میں میں کسی ایک فریق کو ذمے دار نہیں ٹھہرا سکتیں کیونکہ انہیں اصل صورتحال کا علم نہیں کہ ان دونوں کے درمیان کیا تعلق تھا، اس لیے وہ ذمے داری سوشل میڈیا پر عائد کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ولاگرز اور یوٹیوبرز جان بوجھ کر ایک ایسی زندگی دکھاتے ہیں جو عام زندگی سے کافی مختلف ہوتی ہے اور اگر وہ ایسا نہ کریں تو شاید لوگ انہیں دیکھیں ہی نہیں۔
صرحا اصغر نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ولاگرز معاشرے میں ایک غلط سوچ کو پروان چڑھا رہے ہیں، جیسے وہ اپنے لائف پارٹنر کو بہت بڑا گلدستہ دیتے ہیں، جو کہ کوئی عام شخص نہیں دے سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ولاگرز کو اپنے ولاگز میں ایسی چیزیں دکھانی چاہئیں جن پر یقین کرنا آسان ہو، کیونکہ ایسا حقیقی زندگی میں بہت کم ہوتا ہے اور ہر کوئی ایسا کر بھی نہیں سکتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ولاگرز کو اپنے ولاگز میں وہی چیزیں دکھانی چاہئیں جو عام لوگ بھی کر سکیں، کیونکہ انہیں دیکھنے والوں کی تعداد بہت بڑی ہے لہٰذا انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے یوٹیوبر معاذ صفدر نے اپنی بیوی صبا کے لیے گلابوں کا ایک انتہائی قیمتی اور بڑا گلدستہ بنوایا تھا، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ اس گلدستے کی قیمت تقریباً تین سے چار لاکھ روپے تھی اور اسے لانے کے لیے ایک خصوصی ٹرک کا انتظام کیا گیا تھا








































