
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا فیصل آباد کا دورہ — اسٹیشن سہولیات، فریٹ آپریشنز اور تجارتی شراکت داری میں اہم پیش رفت
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ آج فیصل آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہیڈ کوارٹرز آفس کے سینیئر افسران اور ریلوے لاہور ڈویژن کے ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران بھی موجود تھے۔
دورے کا آغاز فیصل آباد کی کاروباری برادری سے ملاقات سے ہوا، جس میں کراچی سے فیصل آباد کوئلہ اور دیگر مال برداری آپریشنز کی ممکنہ شروعات اور ترقی کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے یقین دہانی کرائی کہ فریٹ آپریشنز کی بروقت، محفوظ اور مؤثر انجام دہی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے نے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران پارکنگ اسٹینڈ، واشنگ لائنز، پارسل آفس، ویٹنگ رومز، ٹھنڈے پانی کے کولرز، صفائی ستھرائی کے معیار اور وینڈنگ اسٹالز پر دستیاب اشیاء کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے پیش نظر سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ مزید برآں فیصل آباد واشنگ لائنز کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ انہوں نے مسافروں سے ملاقات کر کے سہولیات کے بارے میں ان کی آراء بھی حاصل کیں۔
دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر ریلوے نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FCCI) کے دفتر میں چیمبر کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فیصل آباد سے کراچی پورٹ ایریا اور واپسی کے لیے فریٹ ٹرین آپریشنز کی مؤثر کوآرڈینیشن اور فیصل آباد میں ریلوے کی اراضی کے تجارتی استعمال کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ ایف سی سی آئی کے اراکین نے اس حوالے سے گہری دلچسپی ظاہر کی، جس پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شفاف اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کی اپ گریڈیشن اور تمام اسٹیشنز پر یکساں سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے اسٹیشنز کی بہتری اور مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔