وزیر اعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ
وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوگئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یو اے ای کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کے لیے یہ دورہ کر رہے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے لیے مختلف ریاستوں کے سربراہان، عالمی پالیسی سازوں اور نجی شعبے کے سرکردہ رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے مارچ 2024 میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد مئی میں یو اے ای کا پہلا دورہ کیا تھا۔









































