
نمیبیا اور زمبابوے نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے افریقہ ریجن سے کوالیفائی کر لیا
زمبابوے اور نمیبیا نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے افریقہ ریجن سے کوالیفائی کر لیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رپورٹ کے مطابق ہرارے میں کھیلے گیے افریقہ ریجن کوالیفائر مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں نمیبیا نے تنزانیہ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست سے دو چار کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں زمبابوے نے کینیا کو شکست دے کر افریقہ ریجن سے میگا ایونٹ میں شرکت پر مہر ثبت کر دی۔
افریقہ ریجن سے 2 کوالیفائرز ٹیموں کی تصدیق کے بعد اب ایشیا/ایسٹ ایشیا-پیسیفک کوالیفائر سے دیگر ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیےکوالیفائی کریں گی۔
پہلے سیمی فائنل میں، ایک موقع پر نمیبیا کی ٹیم 5 اوورز میں صرف 41 کے مجموعے پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی، تاہم جے جے سمیت اور کپتان گیرہارد ایراسمس کی 88 رنز کی شراکت نے ٹیم کو واپس میچ میں لاکھڑا کیا۔
ایراسمس نے 41 گیندوں پر 55 رنز بنائے جبکہ جے جے سمیت نے 43 گیندوں پر 61 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے بھی شامل تھے۔
آل راؤنڈر سمیت نے اپنی باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تنزانیہ کے ٹاپ آرڈر کے 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، آل راؤنڈر نے 4 اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں، نمیبیا نے مسلسل چوتھی بار مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسری جانب، زمبابوے نے کینیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی جگہ پکی کی، اس سے قبل کینیا کے کپتان دھیرن گونداریا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
راکیپ پٹیل نے 47 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم کینیا کے دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
123 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے بلے بازوں نے آسانی سے کامیابی حاصل کیا، اوپنر برائن بینیٹ نے 25 گیندوں پر 51 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر کینیا کے باؤلنگ اٹیک کی کمر توڑ دی۔
انہوں نے لوکس ندنداسون کے ایک اوور میں 6 چوکے لگا کر تقریبا اپنی ٹیم کی ورلڈکپ میں رسائی یقینی بنائی، اس فتح کے ساتھ زمبابوے نے 2024 میں موقع گنوانے کے بعد بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں واپسی کی راہ ہموار کر لی