
ناگن چورنگی پر عوام نے ہیوی ٹریفک روک لیا، موقع پر ہی مقدمات درج کرنے کا مطالبہ
شہریوں نے احتجاج کے دوران ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی چیک کیے —فوٹو: ڈان نیوز
ہیوی ٹریفک کی جانب سے سرکاری اوقات کار کی خلاف ورزی پر شہریوں نے احتجاج کیا —فائل فوٹو: ایکس
شہریوں نے احتجاج کے دوران ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی چیک کیے —فوٹو: ڈان نیوز
ہیوی ٹریفک کی جانب سے سرکاری اوقات کار کی خلاف ورزی پر شہریوں نے احتجاج کیا —فائل فوٹو: ایکس
شہریوں نے احتجاج کے دوران ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی چیک کیے
کراچی میں ممنوع اوقات کار میں ڈمپرز، واٹر ٹینکرز، ٹرالرز، باؤذر کے سڑکوں پر چلنے کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نا ہونے پر شہری احتجاج کرتے ہوئے خود سڑکوں پر نکل آئے۔
ناگن چورنگی پر شہریوں نے واٹر ٹینکرز کو روک کر از خود کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس کی جانچ شروع کردی۔
ہیوی ٹریفک کی جانب سے سرکاری اوقات کار کی خلاف ورزی پر شہریوں نے احتجاج کیا اور سڑک سے گزرنے والے واٹر ٹینکرز کو روک لیا، موقع پر موجود لوگوں نے واٹر ٹینکرز کی چابیاں نکال لیں اور ہیوی گاڑیاں ٹریفک پولیس کو دینے سے بھی انکار کردیا۔
شہریوں نے ازخود ہی ڈرائیورز سے ٹینکرز کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کرکے جانچ شروع کردی، عوام نے لائسنس کے بغیر ہیوی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز اور ٹینکرز کے خلاف سڑکوں پر ہی ایف آئی آرز درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایک شہری نے خود ٹینکر چلاکر سڑک کے ایک جانب کھڑا کر دیا، عوام کی جانب سے ٹریفک پولیس پر رشوت لے کر ہیوی ٹریفک شہر میں چھوڑنے کے الزامات لگائے گئے اور شور شرابا بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات میں شہریوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، رواں ماہ، فروری کے صرف 8 روز کے دوران شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 21 شہری جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔
یکم فروری کو بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں تیز رفتار کوچ کی ٹکر سے 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا، یکم فروری کو ہی بھینس کالونی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 15 ماہ کا بچہ جاں بحق اور ماں زخمی ہوگئی تھی۔
2 فروری کو نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر 2 گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے تھے، اسی روز عوامی مرکز کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا۔
5 فروری کو راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 3 افراد کی جانیں گئیں، جب کہ دیگر ٹریفک حادثات میں مزید 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے تھے۔
6 فروری کو ملیر ہالٹ نیشنل ہائی وے پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ ماں زخمی ہوئی، 7 فروری کو بھی تیز رفتار ٹینکر کی ٹکر سے کورنگی کراسنگ پر 3 نوجوان جاں بحق ہوئے تھے، اور دیگر ٹریفک حادثات میں کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے، ان واقعات کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔