
ملک کے مختلف شہروں میں 3 سے 7 اکتوبر تک طوفانی بارشیں متوقع، درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان
ملک کے مختلف شہروں میں 3 سے 7 اکتوبر کے دوران بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی، جب کہ بعض علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور اولے بھی برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 3 اکتوبر سے 7 اکتوبر کے درمیان بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جس کے دوران وسیع پیمانے پر ہوا کے جھکڑ، بجلی کے طوفان اور اولے پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے سلسلے کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
اس پیش گوئی کے پیش نظر پنجاب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں 5 سے 7 اکتوبر کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے حوالے سے الرٹ جاری کیا۔
پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی اور خوشاب کے بعض علاقوں میں 2 اکتوبر کی رات سے 3 اکتوبر تک بارش اور بجلی کے طوفان متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 4 سے 6 اکتوبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، نورپور تھل، بھکر، لیہ، سرگودھا، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان میں وسیع پیمانے پر بارش اور ہوا/بجلی کے طوفان کے ساتھ بعض علاقوں میں شدید بارش اور اولے بھی متوقع ہیں۔
خیبر پختونخوا میں تقریباً تمام اضلاع میں وسیع پیمانے پر بارش اور بجلی کے طوفان آئیں گے۔
دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 2 سے 7 اکتوبر تک بارش ہوگی۔
اسی طرح کشمیر کے علاقے نیلم وادی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور اور گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 4 سے 7 اکتوبر کے دوران وسیع پیمانے پر بارش، بجلی کے طوفان، بعض علاقوں میں شدید بارش اور اولے متوقع ہیں۔
تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، مٹیاری، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، جامشورو، کراچی، ٹھٹہ، بدین اور سجاول میں 3 اکتوبر کو بارش، ہوا/بجلی کے طوفان اور بعض علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے۔
ژوب، شیرانی، لورالائی، کوہلو، برکھان، ڈیرہ بگٹی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، زیارت، سبی اور نصیرآباد کے بعض علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران مشابہ حالات رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کے خطرات ہیں اور بڑے شہروں میں شہری سیلاب بھی آسکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ شدید بارش کے دوران دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی اور کشمیر میں مقامی نالوں/ندیوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) آسکتا ہے، جو 4 سے 6 اکتوبر کے دوران ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ بلند پہاڑوں پر برفباری بھی ممکن ہے، خاص طور پر اپر خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں