
محمد حارث کے آؤٹ ہونے پر بلا توڑنے کی وجہ سامنے آگئی
پاکستان ٹیم کے بیٹسمین محمد حارث نے لگاتار 8 میچز میں ناکام ہونے کے بعد اپنا بیٹ توڑ دیا۔
شارجہ میں پاکستان ، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں کے درمیان جاری سہ فریقی سیریز کے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔
پاکستان نے دوسرے ٹی20 میں متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی، تاہم میچ میں وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث صرف دوسری گیند پر ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
محمد حارث یو اے ای کے خلاف ایک رن بناکر آوٹ ہوئے تو غصے میں آگئے اور اپنا بیٹ زمین پر دے مارا جس سے بیٹ ٹوٹ گیا، اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
نوجوان بلے باز محمد حارث کے غصے میں آنے کی وجہ ان کی مسلسل ناکامی ہے، انہوں نے لگاتار 8 میچز میں ناکام ہونے کے بعد یہ حرکت کی۔
محمد حارث نے یکم جون 2025 کو لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 میچ میں 46 گیندوں پر 107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
تاہم، اس میچ کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے محمد حارث کی پوزیشن مسلسل تبدیل کی گئی اور انہیں کسی ایک نمبر پر بیٹنگ کا موقع نہیں دیا گیا جس سے وہ گزشتہ 8 اننگز میں نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکے۔
گزشتہ 8 اننگز میں ان کا سب سے بڑا اسکور 15 رنز رہا جب کہ ایک اننگز میں وہ ناٹ آؤٹ رہے، محمد حارث نے دورہ بنگلہ دیش میں 4، 0، 5 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں 6 ناٹ آؤٹ، 4 اور 2 رنز بنائے، سہ فریقی سیریز میں افغانستان کے خلاف 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور گزشتہ روز ایک رن پر پویلین واپس لوٹے۔