
مالی سال 2026 کا مثبت آغاز، گاڑیوں کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ
مالی سال 2026 کے پہلے ماہ جولائی میں گاڑیوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 28 فیصد بڑھ گئی، تاہم ماہانہ فروخت میں کمی دیکھی گئی۔
مالی سال 2025 میں 43 فیصد اضافے کے بعد نئے مالی سال 2026 کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، جب گاڑیوں، پک اَپ، وینز اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کی فروخت جولائی میں سال بہ سال 28 فیصد بڑھ کر 11 ہزار 34 یونٹس تک پہنچ گئی، تاہم ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ جون کا بلند بیس ایفیکٹ تھا۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق الیکٹرک وہیکل (ای وی) سیکٹر میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی۔
حال ہی میں متعارف کرائی گئی ہونڈا آئیکون ای ای وی اسکوٹر نے 313 یونٹس کی پیداوار اور 303 یونٹس کی فروخت کے ساتھ سبقت حاصل کی۔
روایتی طور پر پیٹرول بائیکس بنانے والی کمپنی یونائیٹڈ نے بھی جولائی 2025 میں 229 یونٹس کی پیداوار اور 270 یونٹس کی فروخت رپورٹ کی، جو جولائی 2024 کے 88 اور 74 یونٹس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
چار پہیوں گاڑیوں کی کیٹیگری میں ہونڈا سوک/سٹی، سوزوکی سوِفٹ اور ٹویوٹا کرولا/یارس/کراس کی فروخت بالترتیب 1 ہزار 143، 522 اور 2 ہزار 418 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال جولائی میں 790، 502 اور 1 ہزار 106 یونٹس تھی، اس طرح ان ماڈلز کی فروخت میں بالترتیب 45 فیصد، 4 فیصد اور 119 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ہنڈائی ایلانٹرا اور سوناٹا کی فروخت بھی بہتر رہی، جو جولائی 2024 کے 33 اور 34 یونٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 141 اور 66 یونٹس تک پہنچ گئی، جب کہ سوزوکی کلٹس کی فروخت 96 سے بڑھ کر 239 یونٹس ہو گئی۔
پاما کے اعداد و شمار کے مطابق سوزوکی ویگن آر کی کوئی پیداوار نہیں ہوئی، جس سے امکان ہے کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے یہ ماڈل بند کر دیا ہے۔
دوسری جانب سوزوکی آلٹو کی فروخت 2 ہزار 869 یونٹس سے کم ہو کر 2 ہزار 327 یونٹس رہ گئی۔
ٹویوٹا فورچیونر اور ریوو کی فروخت 558 یونٹس سے بڑھ کر 919 یونٹس ہو گئی، جب کہ ہنڈائی ٹکسن اور ہونڈا بی آر-وی/ایچ آر-وی کی فروخت بالترتیب 113 اور 141 یونٹس سے بڑھ کر 546 اور 357 یونٹس ہو گئی۔
سازگار کی ہیول اور جیک ایکس 200 کی فروخت بالترتیب 824 اور 102 یونٹس سے بڑھ کر 1 ہزار 79 اور 149 یونٹس تک پہنچ گئی، ہنڈائی پورٹر اور سانتافے کی فروخت 349 اور 58 یونٹس سے بڑھ کر 395 اور 77 یونٹس رہی، جو بالترتیب 13 فیصد اور 33 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی مائیشا سہیل کے مطابق سال بہ سال اضافہ نسبتاً مستحکم معاشی حالات، کم شرح سود اور افراطِ زر میں کمی کے باعث ممکن ہوا، جن عوامل نے صارفین کے اعتماد میں اضافہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ماہانہ کمی کی بنیادی وجہ جون 2025 کا بلند بیس تھا، جب بجٹ سے پہلے خریداری میں تیزی اور متوقع مالیاتی تبدیلیوں سے قبل خریداروں نے زیادہ گاڑیاں خریدیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دو اور تین پہیہ گاڑیوں کی فروخت سال بہ سال 44 فیصد بڑھ کر 1 لاکھ 22 ہزار 441 یونٹس ہو گئی، تاہم ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد کمی آئی۔
اٹلس ہونڈا نے جولائی 2025 میں 1 لاکھ 4 ہزار 276 یونٹس فروخت کر کے سبقت حاصل کی، جو گزشتہ سال کے 70 ہزار 255 یونٹس سے زیادہ ہے۔
سوزوکی کی دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت 1 ہزار 643 سے بڑھ کر 2 ہزار 518 یونٹس ہو گئی، جب کہ یاماھا نے گزشتہ سال کے 302 یونٹس کے مقابلے میں 586 یونٹس فروخت کیے۔
دوسری طرف ٹریکٹر سیکٹر میں فروخت سال بہ سال 18 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 57 فیصد کمی کے ساتھ 1 ہزار 195 یونٹس رہ گئی، جس کی وجہ کمزور زرعی معیشت اور دیہی طلب میں کمی بتائی گئی۔
ٹرک اور بسوں کی فروخت جولائی 2025 میں 374 یونٹس رہی، جو سال بہ سال 22 فیصد اضافہ لیکن ماہانہ بنیاد پر 49 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔
آئندہ کے حوالے سے مائیشا نے توقع ظاہر کی کہ مالی سال 2026 میں آٹو سیلز کا رجحان مثبت رہے گا، جسے کم شرح سود اور نئے ماڈلز، بالخصوص ہائبرڈ اور پلگ اِن ہائبرڈ کے لانچ سے تقویت ملے گی