
لیجنڈری ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
امریکی اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ اسٹار ہلک ہوگن جنہوں نے پروفیشنل ریسلنگ کے کھیل کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا ، آج 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر لیجنڈری ریسلر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو یہ جان کر دکھ ہوا کہ ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے ہال آف فیم میں شامل ہلک ہوگن اب ہم میں نہیں رہے، پاپ کلچر کی ایک نمایاں شخصیت کے طور پر، انہوں نے 1980 کی دہائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کو عالمی سطح پر پہچان دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سنہری بالوں کے حامل ہلک ہوگن نے 1980 کی دہائی میں پروفیشنل ریسلنگ کا چہرہ بن کر اسے ایک سستی تفریح سے فیملی انٹرٹینمنٹ میں بدل دیا جو اربوں ڈالرز کی انڈسٹری بن گئی۔
اس تبدیلی کا ایک یادگار لمحہ 1987 میں ریسلمینیا تھری کے دوران اُس وقت پیش آیا، جب ہلک ہوگن نے بھرے مجمعے کے سامنے مشہور ریسلر آندرے دی جائنٹ کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔
ریسلنگ میں شہرت حاصل کرنے کے بعد ہلک ہوگن نے ہالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی، انہوں نے راکی تھری اور سانٹا ودھ مسلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن وہ ہمیشہ رنگ (ریسلنگ رنگ) کی طرف واپس لوٹتے رہے۔
2024 میں، انہوں نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کی حمایت کا اعلان کیا، جو 1980 کی دہائی میں ہلک ہوگن کے ریسلمینیا ایونٹس کے میزبان رہ چکے ہیں۔
ہلک بننے کا سفر
ہلک ہوگن کا اصل نام ٹیری جین بولیا تھا، اُن کی پیدائش 11 اگست 1953 کو آگسٹا، جارجیا میں ہوئی، وہ جلد ہی اپنے خاندان کے ساتھ فلوریڈا منتقل ہو گئےتھے، ہلک ہوگن 1970 کی دہائی میں فلوریڈا کی ریسلنگ دنیا کی طرف مائل ہوئے۔
کہا جاتا ہے کہ ان کے پہلے کوچ نے انہیں کاروبار سے روکنے کے لیے ٹریننگ کے دوران ان کی ٹانگ توڑ دی، لیکن وہ باز نہ آئے، انہوں نے ویٹ لفٹنگ اور انابولک اسٹیرائیڈز سے جسم بنایا اور اپنے بازوؤں کو 24 انچ کے اژدھے کہنے لگے۔
انہیں ’ہلک‘ کا لقب ٹی وی کے مشہور کامک کردار سے مشابہت کی وجہ سے ملا، جبکہ ’ہوگن‘ کا نام ڈبلیو ڈبلیو ای کے بانی ونس مکموہن سینئر نے انہیں آئرش پہچان دینے کے لیے دیا تھا۔
ان کی فلم راکی تھری میں تھنڈر لپس کے طور پر موجودگی نے انہیں مین اسٹریم پر شہرت دی، 1984 میں ڈبلیو ڈبلیو ایف واپسی پر انہوں نے آئرن شیک کو شکست دے کر عالمی چیمپیئن شپ جیتی، جس پر وہ چار سال تک براجمان رہے۔
انہوں نے اسپورٹس الیسٹریٹڈ میگزین کے سرورق پر جگہ پائی اور مشہور شخصیات جیسے مسٹر ٹی، کے ساتھ بھی کام کیا، ریسلمینیا جیسے پی پی وی ایونٹس ڈبلیو ڈبلیو ایف کی کامیابی کا مرکز بنے۔
دی راک کے سامنے
بعد میں، انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کو چھوڑ کر ڈبلیو سی ڈبلیو جوائن کی اور ہیرو سے ولن بنے ہالی ووڈ ہوگن کے روپ میں، جہاں وہ نیو ورلڈ آرڈر کے سربراہ بنے، اس تبدیلی نے ان کے کیریئر کو نئی زندگی دی۔
2002 میں وہ واپس ڈبلیو ڈبلیو ای آئے اور ڈیوائن دی راک جانسن کے خلاف ریسلمینیا میں رنگ میں اترے۔
ہوگن نے اُس وقت کہا تھا کہ میں اس سے زیادہ فِٹ ہوں، میں راک کے ساتھ کھڑا ہو سکتا ہوں اور پوزنگ مقابلہ کر سکتا ہوں تاہم وہ مقابلہ راک نے جیتا تھا۔
ہوگن کو دو بار ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔ وہ خود کو ریسلنگ کا ’بیب رُوتھ‘ (معروف بیس بال کھلاڑی) کہتے تھے، تاہم 2024 میں ان کی ٹرمپ کی حمایت اور دیگر تنازعات نے ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا۔
گوسپ ویب سائٹ گاکر نے ان کی ایک نجی ویڈیو شائع کی، جس پر انہوں نے مقدمہ دائر کر کے 140 ملین ڈالر کا ہرجانہ جیتا، جس نے اس ویب سائٹ کو بند کروا دیا۔
2015 میں، ایک اور خفیہ ویڈیو میں ان کی نسل پرستانہ الفاظ سامنے آئے، جس پر ڈبلیو ڈبلیو نے انہیں معطل کر دیا، لیکن 2018 میں بحال کر دیا گیا۔
انہوں نے تین شادیاں کی، اور ان کے دو بچے ہیں، جنہوں نے ان کے ساتھ 2005 سے 2007 کے درمیان ریئلٹی شو ’ہوگن نوز بیسٹ‘ میں بھی کام کیا