لاہور: جماعت اسلامی منصورہ سے ’حق دو بلوچستان مارچ‘ نکالنے کے مطالبے پر ڈٹ گئی
لاہور میں جماعت اسلامی کی جانب سے منصورہ حق دو بلوچستان مارچ نکالنے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، جماعت اسلامی مارچ نکالنے کے مطالبے پر ڈٹ گئی، حکومتی وفد کے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں جماعت اسلامی سے مذاکرات جاری ہیں۔
جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں حکومت کی جانب سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیرقانون صہیب بھرت اور سلمان رفیق شریک ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے لیاقت بلوچ، امیرالعظیم اورہدایت الرحمان بلوچ شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی منصورہ سے حق دو بلوچستان مارچ نکالنے کے مطالبے پرڈٹ گئی، جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ہم بلوچستان میں امن اور لاپتہ افراد سمیت دیگر جائز مطالبات کا حل چاہتے ہیں، پرامن مارچ کے ذریعے اسلام آباد جاکر بھی مطالبات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب مارچ کو منصورہ میں ہی ختم کرانا چاہتی ہی تاہم جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ اسے منصورہ سےآزادی چوک یا پریس کلب تک مارچ کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچستان کے حقوق کیلئے مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لاہور پہنچے ہیں جہاں سے وہ اسلام آباد روانہ ہوں گے








































