
قومی کرکٹر ابرار احمد زندگی کی نئی اننگز کھیلنے کیلئے تیار
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد آج رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ابرار احمد اپنی نئی زندگی کا آغاز کرنے جارہے ہیں اور ان کی شادی آج کراچی میں ہوگی جب کہ ولیمہ 6 اکتوبر کو کراچی میں ہی ہوگا جس میں قومی کرکٹرز اور قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
ایشیاکپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اسپنر ابرار احمد نے انسٹاگرام اسٹوری پر بھی اپنی تصویر شیئر کی جو بظاہر مہندی یا کسی اور تقریب کی دکھائی دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ مسٹری اسپنر ابرار احمد ایشیاکپ میں فائنل میں پہنچنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے اور اس دوران وہ اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے تھے۔
اس وقت، ابرار احمد آئی سی سی ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں واحد پاکستانی باؤلر ہے جو ساتویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ابرار احمد نے پہلی بار 2017 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی جب کہ انہوں نے 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد وہ پاکستانی ٹیم کا مستقبل حصہ بن گئے ہیں۔