فیروز خان اور حبا بخاری کی ایک دوسرے کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل
مقبول اداکار فیروز خان اور اداکارہ حبا بخاری کی جانب سے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
دونوں اداکار جلد ہی ’میں زمین تو آسمان‘ نامی ڈرامے میں دکھائی دیں گے، دونوں کافی عرصے بعد ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔
حبا بخاری مذکورہ ڈرامے سے بچے کے پیدائش کے بعد اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں اور ان کے ڈرامے کے ٹیزر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں دونوں اداکار ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے دکھائی دیے، جس پر صارفین نے بھی دونوں کی تعریفیں کیں۔
ویڈیو میں فیروز خان نے اداکارہ سے پوچھا کہ انہیں ان کے ساتھ کام کرکے کیسا محسوس ہو رہا ہے؟ جس پر حبا بخاری نے جواب دیا کہ انہیں ایک اسٹار کے ساتھ کام کرکے انتہائی اچھا لگ رہا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ فیروز خان اسٹار ہیں اور انہیں یہ اندازہ تھا کہ وہ بڑے اسٹار کے ساتھ کام کرنے کے دوران تھوڑی پریشان بھی ہوں گی لیکن معاملہ اس کے الٹ ہوا۔
حبا بخاری کے مطابق فیروز خان میں ذرا بھی نخرہ نہیں، وہ اسٹار ہونے کے باوجود سیٹ پر ان کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں اور ان کے آنے پر وہ انتہائی ادب اور احترام کے ساتھ ان سے ملتے ہیں۔
ان کی بات پر فیروز خان نے بھی حبا بخاری کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہیں ان کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگ رہا ہے، وہ انتہائی مخلص شخصیت ہیں۔
فیروز خان کی جانب سے تعریفیں کرنے پر حبا بخاری نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہم دونوں نے ایک دوسرے کی تعریفیں کرنے کے لیے ہی ویڈیو بنائی ہے۔
اداکارہ کی بات پر فیروز خان نے واضح کیا کہ دونوں نے ایک دوسرے کی تعریفیں کرنے کے لیے ایک دوسرے سے کوئی پیسے نہیں لیے۔
مختصر ویڈیو میں دونوں اداکاروں نے اپنے مداحوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ انہیں ان کی جوڑی پسند آئے گی








































