فواد خان کی فلم ’ابیر گُلال‘ نئے نام سے جلد ریلیز ہوگی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی فلم ’ابیر گُلال‘ کو نئے نام سے 29 اگست 2025 کو ریلیز کیا جائے گا۔
سپر اسٹار فواد خان کی تاخیر اور تنازع کا شکار بھارتی فلم ’ابیر گُلال‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
ابتدائی طور پر ’ابیر گُلال‘ کی ریلیز 12 مئی کو متوقع تھی، تاہم اپریل کے آخر میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد، جس میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے، فلم کی ریلیز موخر کر دی گئی۔
بھارت نے اپریل میں پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، جسے پاکستان نے کئی بار مسترد کیا ہے، اس واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی فنکاروں اور یوٹیوب چینلز پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
چونکہ ’ابیر گُلال‘ میں فواد خان مرکزی کردار ادا کر رہے تھے، اس لیے اس فلم پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
حال ہی میں ٹائمز آف انڈیا نے ایک رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ فلم ’ابیر گُلال‘ 29 اگست کو ریلیز ہوگی اور اس کا نام بدل کر ’آبیر گُلال‘ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلمی صنعت کے ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستان کے فنکاروں کے خلاف موجودہ ردعمل کے باعث یہ فلم بھارت میں باضابطہ طور پر ریلیز نہیں ہو سکے گی۔
فلم کو بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کی طرز پر ریلیز کیا جائے گا، یعنی یہ فلم بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔
’سردار جی تھری‘ میں دلجیت دوسنجھ اور ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، تاہم بھارت میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی موجودگی کی وجہ سے فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی، یہ فلم بین الاقوامی سطح پر زبردست کامیابی حاصل کررہی ہے








































