
فخرزمان نے ٹی20 کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے شارجہ میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوران ٹی20 انٹرنیشنل میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، وہ 100 میچز کھیلنے والے چھٹے اور 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے پانچویں قومی کرکٹر بن گئے۔
گزشتہ روز افغانستان کے خلاف شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں فخرزمان جب میدان میں اترے تو انہوں نے ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔
2017 میں ڈیبیو کے بعد سے پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کا اہم حصہ رہنے والے فخر زمان چھٹے ایسے کھلاڑی ہیں جس نے مختصر فارمیٹ میں 100 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہو۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی20 میچز کھیلنے والوں کی فہرست میں سابق کپتان بابراعظم 128 میچز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
اس کے علاوہ، شعیب ملک (125)، محمد حفیظ (119)، شاداب خان (112) اور محمد رضوان (106) میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
علاوہ ازیں، فخر زمان نے اپنے 100وویں میچ میں اپنے 2 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پانچویں پاکستانی بلے باز ہیں، ان کے کیریئر میں 11 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف پاکستان کو 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، فخرزمان نے 18 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے۔
اس فتح کے ساتھ افغانستان نے فائنل میں جگہ تقریباً یقینی بنا لی، پاکستان کل 4 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلے گا جس کے بعد ممکنہ طور پر 7 ستمبر کو فائنل میں ایک بار پھر افغانستان کے مدمقابل ہوگا