
غلط فہمی کی بنیاد پر پابندی لگی، بہن کینسر کی مریض ہے،ویزا دیں، میرا کی برطانیہ سے اپیل
اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت اور خصوصی طور پر پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے اپیل کی ہے کہ ان کا کیس میرٹ کی بنیاد پر دیکھ کر انہیں ویزا جاری کیا جائے، ان کی بہن کینسر کی مریض ہے جو برطانیہ میں مقیم ہے، ان پر غلط فہمی کی بنیاد پر پابندی لگی۔
اداکارہ میرا نے اپنے ویڈیو پیغام میں برطانوی ہائی کمیشن سے اپیل کی کہ وہ ان کی درخواست پر غور کریں، انہوں نے تمام مطلوبہ دستاویزات پاکستان میں ہائی کمیشن اور لندن میں بھی جمع کروادیے ہیں۔
انہوں کا کہا کہ ان کا کیس غلط فہمی اور بات کو سمجھ نہ پانے کی وجہ سے خراب ہوا، ان پر غلط فہمی کی بنیاد پر برطانوی داخلے پر پابندی لگی۔
میرا کے مطابق ان کی بہن اور خاندان برطانیہ میں مقیم ہے، ان کی بہن کینسر کی مریضہ ہیں، ان کی بہن کی دو سال کی چھوٹی بچی ہیں، جس کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے، اس لیے ان کی درخواست پر غور کرکے انہیں ویزا جاری کیا جائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کئی سال سے برطانوی ویزے کی کوششیں کر رہی ہیں، انہوں نے متعدد بار درخواستیں دیں لیکن ان کی شنوائی نہیں ہو رہی۔
انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کو مخاطب ہوتے ہوئے درخواست کی کہ میرٹ کی بنیاد پر ان کی درخواست پر غور کرکے انہیں ویزا جاری کیا جائے۔
میرا کی جانب سے حالیہ اپیل سے قبل فروری 2025 میں اداکارہ کی والدہ اور برطانیہ میں مقیم بہن نے بتایا تھا کہ غلط انگریزی بولنے پر میرا پر برطانیہ میں داخلے پر پابندی لگی۔
دونوں نے بتایا تھا کہ میرا پر 10 سال تک برطانیہ میں داخل ہونے پر پابندی لگی تھی جو کہ اب ختم ہوئی۔
تاہم اب میرا کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ بار بار درخواستیں دینے کے باوجود انہیں برطانیہ کا ویزا نہیں دیا جا رہا ہے، انہوں نے برطانوی حکومت سے اپیل کی کہ انہیں ویزا جاری کیا جائے