شادی چار ماہ میں ہی ختم ہوگئی تھی، زارا ترین کا انکشاف
معروف اداکارہ زارا ترین نے اپنی شادی طلاق پر ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ محض 4 ماہ بعد ہی شادی ختم ہوگئی تھی لیکن قانونی طور پر طلاق ہونے میں کچھ وقت لگا تھا۔
زارا ترین نے نومبر 2021 میں معروف اداکار فاران طاہر سے شادی کی تھی، دونوں کے درمیان کچھ عرصے تک تعلقات رہے تھے۔
شادی کو دو سال بعد 2023 میں ان کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں سامنے آئیں لیکن دونوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی تھی۔
زارا ترین نے چند ماہ قبل جولائی 2025 میں ایک ٹی وی پروگرام میں محبت میں دل ٹوٹنے کا اعتراف کیا تھا لیکن اس وقت بھی انہوں نے شادی ختم ہونے کی بات نہیں کی تھی۔
اب انہوں نے شادی ختم ہونے پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ درحقیقت چار ماہ بعد ہی ان کی شوہر سے علیحدگی ہوگئی تھی لیکن قانونی طور پر شادی کو ختم ہونے میں کچھ وقت لگا۔
زارا ترین نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی سمیت دوسری ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین کے درمیان بھی 2016 میں طلاق ہوگئی تھی، ان کے والدین کئی سال تک ایک دوسرے سے خفا تھے لیکن اس باوجود ایک ہی گھر میں رہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین کی طلاق ہونے کے بعد وہ امریکا سے پاکستان آگئیں اور والدہ کے ساتھ رہنے لگیں، جہاں کورونا کی وبا کے وقت 2020 میں فاران طاہر کے بھائی نے اداکارہ سے رابطہ کرکے بھائی کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی آفر کی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ساتھ کام کرنے کی پیش کش کے دوران ہی فاران طاہر اور ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے اور کچھ ہی عرصے میں دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
زارا ترین کے مطابق شادی سے قبل اگرچہ فاران طاہر نے انہیں اپنی زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی لیکن شادی کے بعد انہیں پتا چلا کہ ان کے ساتھ جھوٹ بولا گیا، ان سے باتیں اور معلومات خفیہ رکھی گئیں، ان سے غلط بیانی کی گئی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ چھوٹے جھوٹ نہیں بولے گئے بلکہ سنگین رازوں کو بھی خفیہ رکھا گیا، جس وجہ سے ان کے لیے شادی میں مزید عرصے تک رہنا مشکل ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ فاران طاہر ان سے 20 سال زائد العمر بھی تھے، ان کے سابق شوہر کے بچے کالج میں پڑھتے تھے، ان کے درمیان بہت ساری چیزیں مختلف بھی تھیں لیکن اس کے علاوہ بھی ان سے بہت سارے راز خفیہ رکھے گئے تھے۔
زارا ترین نے کہا کہ شادی کے محض 4 ماہ بعد ہی ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی لیکن قانونی طور پر شادی ختم ہونے میں کچھ وقت لگا۔
شادی، اپنے ساتھ دھوکا ہونے اور طلاق سمیت والدین کی طلاق پر بات کرتے وقت زارا ترین آبدیدہ بھی ہوگئیں اور کہا کہ شادی ختم ہونے کے بعد وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں لیکن اب وہ واپس اپنی معمول کی دنیا میں آ چکی ہیں








































