سیالکوٹ میں پاکستان کا نواں نیشنل انکیوبیشن سینٹر قائم، خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ مختص
سیالکوٹ میں پاکستان کا نواں نیشنل انکیوبیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
پاکستان کے نویں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ این آئی سی سیالکوٹ میں نیا سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں کم از کم 25 اسٹارٹ اپس کو جگہ فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔
پروپوزلز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر کے 9 ستمبر مقرر کی گئی ہے، پروپوزلز موصول ہونے کے بعد کمپنیوں کے تکنیکی اور مالی اسکورز کا جائزہ لیا جائے گا۔
این آئی سی سیالکوٹ 12 سے 14 ہزار مربع فٹ رقبے پر محیط ہوگا اور یہاں ورک اسپیس، کانفرنس رومز، سیشن ہالز اور تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
سیالکوٹ میں اسٹارٹ اپس، خصوصاً کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات اور میوزیکل آلات سے متعلق کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
این آئی سی کا مقصد روایتی بزنس ماڈلز کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔
سیالکوٹ پاکستان کی چوتھی بڑی ضلعی معیشت ہے، جس کی جی ڈی پی 13 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور ہر سال ڈھائی ارب ڈالر کی برآمدات کے ذریعے قومی خزانے میں حصہ ڈالتی ہے، یہاں دنیا کی آدھی سے زیادہ فٹ بال تیار کی جاتی ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد، راولپنڈی، چاروں صوبائی دارالحکومتوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد اور حیدرآباد میں بھی نیشنل انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں








































