
چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ادارہ سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی جو کرے گا وہ بھرے گا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا ادارے کا کام صرف احتساب کرنا ہے اور نیب کی کوشش ہوتی ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لوگ عدالتوں سے باہر نکل کر کہتے ہیں کہ نیب سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے، تاہم نیب کی پالیسی ہے کہ جو کرے گا وہ بھرے گا جس پر ہم قائم ہیں۔چیئرمین نیب نے کہا کہ میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ نیب میں سیاسی انتقام کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا، نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے چیلنج کیا کہ آپ ثابت کر دیں کہ نیب کا سیاست سے تعلق ہے، اگر ایسا ہوجائے تو میں اپنا عہدہ چھوڑ دوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنی کارروائی کے دوران لوگوں بالخصوص خواتین کی عزت نفس کا بھرپور خیال رکھا ہے۔جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کے پاس شواہد موجود ہیں، وہ لوگوں سے کرپشن کے بارے میں پوچھے گا اور اپنی ذمہ داری سے رو گردانی نہیں کرے گا۔