اسلام آباد— پیپلزپارٹی نے وزیر اعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر سوالات اٹھا دئیے،سپریم کورٹ کو 2017ءمیں عمران خان نے بتایا کہ بنی گالہ کا محل انہوں نے کرکٹ کی آمدنی سے بنایا جبکہ الیکشن کمیشن کے حالیہ گوشواروں کے مطابق وہ گھر عمران خان کو تحفے میں ملا،سپریم کورٹ سے الیکشن کمیشن آتے آتے بنی گالہ محل محنت کی کمائی سے تحفہ کیسے ہوگیا؟۔ ایک بیان میں پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ مئی 2017ءمیں عمران خان کا ٹویٹ موجود ہے جس میں انہوں نے لندن فلیٹ بیچ کر بنی گالہ محل کی تعمیر کا بتایا۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ یہ آنافانا کیا ہوا کہ اپنی کمائی سے بنایا گیا بنی گالہ محل عمران خان کو اچانک تحفے میں مل گیا؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں گوشوارے جمع کراتے ہوئے سپریم کورٹ میں دیا گیا اپنا بیان بھول گئے، عمران خان کو چاہئے کہ اپنے جھوٹ یاد رکھنے کیلئے ایک سیکرٹری رکھ لیں۔








































