
صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور پیر کے روز علی الصبح ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش کی وجہ سے اسکولوں میں طلباء کی حاضری کم رہی جبکہ دفاتر اور کام پر جانے والے افراد کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔بارش کے باعث کراچی کے علاقے ملیر، ماڈل کالونی، پی آئی بی، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی، جسے بعد میں بحال کردیا گیا جبکہ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی بھی جمع ہوگیا۔دوسری جانب لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں آئی جی سندھ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس اہلکاروں کو فوراً پہنچنے اور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت جاری کی۔بارش کا یہ سلسلہ صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ سندھ کے مختلف علاقوں مثلاً حیدرآباد، سکھر، عمر کوٹ، اسلام کوٹ، مٹھی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت میر پور خاص، ٹھٹہ، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن اور ملحقہ علاقوں میں پیر کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مون سون سیزن کے پیشِ نظر کے الیکٹرک نے شہریوں کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کر رکھا ہے جس میں بارش کے دوران گیلے ہاتھوں سے برقی آلات نہ چھونے، بجلی کے کھمبے، درختوں یا پی ایم ٹی کے قریب نہ جانے جبکہ بچوں کو بجلی کے ساکٹ سے دور رکھنے کی ہدایت کی گئی۔اس کے ساتھ کسی بھی شکایت کی صورت میں کے الیکٹرک کے نمبر 118 اور بجلی جانے کی صورت میں غیر قانونی ذرائع سے بجلی نہ حاصل کرنے کی تنبیہہ بھی کی گئی۔