
سندھ میں آج سے بارش کی پیش گوئی، کراچی والوں کیلئے بھی خوشخبری
محکمہ موسمیات نے آج سے سندھ میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، شہر قائد میں بھی ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بارشوں کا سلسلہ آج دادو سے شروع ہوگا، کراچی میں کل سے مون سون کا تیسرا اسپیل شروع ہوگا جس کے زیر اثر شہرقائد میں ہلکی سےدرمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر میں دو روز کے دوران طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی تھی، راولپنڈی میں گزشتہ روز 15 گھنٹے میں 230 ملی میٹر بارش برسنے پر ندی نالے بپھر گئےتھے ، نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجادیے گئے تھے جبکہ پاک فوج گوالمنڈی پل پہنچ گئی تھی۔
چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 423 ملی میٹر بارش برسنے پر ڈیم کا بند ٹوٹ گیا تھا جبکہ 24 گھنٹے میں پنجاب بھر میں حادثات و واقعات میں درجنوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے