زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کا کیس: شبلی فراز کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
لاہور کی مقامی عدالت نے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے سینیٹر شبلی فراز کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو بھی 30 جولائی کو طلب کرتے ہوئے اڈیالہ جیل حکام کے نام ثمن جاری کردیا۔
تھانہ ریس کورس پولیس لاہور نے بانی کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے
واضح رہے کہ رواں ماہ 5 مارچ 2023 کو اسلام آباد پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی تھی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت میں مسلسل غیرحاضر رہنے پر عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کیے تھے۔
پولیس کے پہنچنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی جو کہ فواد چوہدری کے اعلان پر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جو رکاوٹ پیدا کرے گا اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس چیف کا کہنا تھا کہ وہ خالی ہاتھ واپس نہیں جائیں گے، تاہم عمران خان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی








































