زارا نور عباس نے مشترکہ خاندانی نظام کو وقت کی ضرورت قرار دے دیا
اداکارہ زارا نور عباس نے مشترکہ خاندانی نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے آج کے دور کی تنہائی اور عدم تعلق کا مؤثر حل قرار دیا۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر زارا نور عباس نے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے مشترکہ خاندانی نظام کی حمایت کرتے ہوئے اسے آج کے دور کے مسائل کا حل قرار دیا۔
انہوں نے جو پوسٹ شیئر کی، اس میں لکھا تھا کہ اپنے بہن بھائیوں اور قریبی دوستوں کے ساتھ زمین خرید کر مل کر ایک خاندان بنانا چاہیے۔
زارا نور عباس نے کہا کہ پرانے وقتوں میں پردادا پردادی اتنے قریب رہا کرتے تھے کہ پورا خاندان ایک دوسرے کے اتنے نزدیک ہوتا تھا کہ پیدل بھی کسی کے گھر جانا آسان تھا، سب مل کر کھانا کھاتے تھے، مشورے دیتے تھے اور کسی کو یہ فکر نہیں ہوتی تھی کہ بچوں کا خیال کون رکھے گا۔
ان کے مطابق ہمیں دوبارہ ایسا خاندانی نظام اپنانا ہوگا، مشترکہ خاندانی نظام زندہ باد۔
زارا نور عباس کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو شوبز انڈسٹری میں گہرے اثرات رکھتا ہے، وہ اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کی بھانجی ہیں۔
ان کی شادی 2017 میں اداکار اسد صدیقی سے ہوئی تھی اور اس شادی سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے








































