
ریما اور میرا میں مقابلہ رہتا تھا، دونوں خود کو نمبر ون قرار دیتی تھیں، سنگیتا
معروف فلم ساز سنگیتا نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں خصوصی طور پر ریما اور میرا کے درمیان نمبر ون کی دوڑ لگی رہتی تھی، دونوں خود کو بڑی اسٹارز قرار دیتی تھیں۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ ریما اور میرا کے مقابلے میں صائمہ اپنے کام سے مطمئن رہتی تھیں، وہ اپنا موازنہ کسی سے نہیں کرتی تھیں۔
سنگیتا نے حال ہی میں ’سما ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر انکشاف کیا کہ چند سال قبل ایک ڈراما بنانے کے دوران مرکزی اداکارہ نے شوٹنگ کے دوران ہی کام پر آنا چھوڑ دیا اور کہا کہ وہ ٹائم نہیں دے سکتیں۔
ان کے مطابق مذکورہ اداکارہ سے پہلے مکمل بات ہو چکی تھی، انہیں پورا معاوضہ بھی دے دیا گیا تھا اور انہوں نے شوٹنگ مکمل کروانے کی بھی یقین دہانی کروائی لیکن شوٹنگ کے درمیان کہا کہ وہ اب وقت نہیں دے سکتیں۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ مرکزی اداکارہ کی جانب سے وقت نہ دینے پر انہوں نے ان کا کردار سائیڈ رول میں تبدیل کردیا اور دوسری اداکارہ کو مرکزی کردار میں لے آئیں۔
انہوں نے اداکارہ کا نام نہیں لیا اور کہا کہ اگر کوئی اداکارہ ایسا کرے گی تو ہدایت کار کے پاس بھی آپشنز ہوتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سنگیتا نے کہا کہ ماضی میں عام طور پر ایک ہی فلم میں دو ہیروئنز کاسٹ کرنے کا رواج تھا اور انہوں نے متعدد فلموں میں ایسا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دو ہیروئنز کو کاسٹ کرنے پر کوئی مسئلہ یا تنازع نہیں ہوا، ان سے کسی ہیروئن نے کوئی شکوہ نہیں کیا، البتہ ہیروئنز کی آپس میں لڑائی رہتی تھی، وہ خود کو دوسری سے بہتر سمجھتی تھیں۔
سنگیتا نے بتایا کہ عام طور پر ریما اور میرا کے درمیان نمبر ون کی دوڑ لگی رہتی تھی، دونوں ایک دوسرے کو پہلے نمبر پر قرار دیتی تھیں، ان کے درمیان اکثر سرد جنگ لگی رہتی تھی۔
ان کے مطابق ریما اور میرا کے مقابلے صائمہ ایسی نہیں تھیں، وہ کسی سے لڑائی نہیں کرتی تھیں اور نہ ان کا کسی سے مقابلہ ہوتا تھا۔
انہوں نے صائمہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی دوسرے اداکار کی برائی بھی نہیں کی، وہ اپنے کام سے کام رکھتی تھیں، کسی کو خود سے بہتر یا کمتر نہیں سمجھتی تھیں