
ریل بناتے ہوئے 22 سالہ یوٹیوبر آبشار کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا، ویڈیو وائرل
بھارت میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 22 سالہ یوٹیوبر ریل بناتے ہوئے آبشار کے تیز بہاؤ کی نذر ہوگیا اور اس لمحے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر منفرد کانٹینٹ بنانے کے لیے کانٹینٹ کریئیٹرز کئی بار ایسی ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتے ہیں جن کے لیے وہ اپنی جان بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں، بعض دفعہ وہ منفرد کانٹینٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، جب کہ بعض اوقات وہ حادثے کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ضلع کوراپٹ میں مچکند پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع دودوما آبشار پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 22 سالہ یوٹیوبر ریل بناتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔
متاثرہ نوجوان کی شناخت ساگر کنڈو کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے دوستوں کے ساتھ اس مشہور سیاحتی مقام پر ویڈیو بنانے کے لیے گیا تھا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوٹیوبر طاقتور آبشار کے قریب پھسلنے والے پتھروں پر پوز دے رہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے وہ نیچے گر گیا اور چند ہی لمحوں میں پانی کے بہاؤ میں بہہ گیا، جب کہ پس منظر میں یوٹیوبر کے دوستوں کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔
انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور غوطہ خوروں سمیت سرچ ٹیمیں بھیجی گئیں تاکہ بے قابو پانی میں ساگر کنڈو کو تلاش کیا جا سکے، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان کی لاش ابھی تک برآمد نہیں ہو سکی۔
کنڈو اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے ایک ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر تھے اور سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز میں آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا تھا