ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے وفاقی حکومت فوری فنڈز فراہم کرے: شیخ محمد انور
( لاہور) ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ریلوے کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجز کو سنجیدگی سے لے اور فوری بنیادوں پر ضروری فنڈز فراہم کرے تاکہ مزید حادثات کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز ہونے والے ٹرین حادثات نہ صرف محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عوام کا ریلوے پر سے اعتماد بھی ختم ہوتا جا رہا ہے، جو کہ قومی ادارے کے لیے نقصان دہ ہے۔
شیخ محمد انور نے وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے ریلوے کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا تاہم انہوں نے زور دیا کہ ان کوششوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریک اپ گریڈیشن اور رولنگ اسٹاک کی فراہمی کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
ریلوے پریم یونین کے صدر نے گذشتہ رات کالا شاہ کاکو کے قریب لاہور سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ گذشتہ رات حادثے کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام کرتے ہوئے شمشاد احمد بلیک سمتھ جوکہ پریم یونین سی بی اے کے عہدار بھی ہیں حادثے کی جگہ پر ریل کٹنگ کے دوران شدید زخمی ہو گئے ہیں ان کی پسلیاں ٹوٹ گئی اور ان کا گردہ بھی ضائع ہو گیا ہے ریلوے انتظاميہ شمشاد کی مالی معاونت کرئے اور علاج کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے شیخ محمد انور نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی
شیخ محمد انور نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ریلوے کو زبانی دعووں سے نکال کر عملی اقدامات کے ذریعے مضبوط اور محفوظ ادارہ بنایا جائے








































