
ریا چکربورتی کو 5 سال بعد پاسپورٹ فراہم کردیا گیا
بولی وڈ کے آنجھانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے مبینہ قتل کیس میں قانونی مقدمات کا سامنا کرنے والی اداکارہ ریا چکربورتی کو پانچ سال بعد عدالتی حکم پر بھارتی حکومت نے پاسپورٹ جاری کردیا۔
نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق بمبئی ہائی کورٹ کے حکم پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکارہ کو پاسپورٹ واپس کردیا۔
سال 2020 میں سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک منشیات کیس میں اداکارہ کا پاسپورٹ ضبط کیا گیا تھا۔
پاسپورٹ ملنے پر ریا چکربورتی نے انسٹاگرام پر پاسپورٹ کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ پچھلے پانچ سال میں صبر اور مسلسل جدوجہد کے بعد آخرکار انہیں کامیابی مل گئی۔
اداکارہ نے لکھا کہ بے شمار لڑائیاں لڑنے کے بعد انہیں اب دوبارہ اپنا پاسپورٹ مل گیا، اب وہ اپنی زندگی کے دوسرے باب کو شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ریا چکربورتی کو 8 ستمبر 2020 کو منشیات کیس میں این سی بی نے گرفتار کیا تھا جو سشانت سنگھ راجپوت کی 14 جون 2020 کو ہونے والی موت سے متعلق تھا۔
اکتوبر 2020 میں اداکارہ کو ضمانت مل گئی تھی لیکن ان کا پاسپورٹ این سی بی نے ضبط کرلیا تھا، ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی تھی۔
پاسپورٹ کی فراہمی کے لیے ریا چکربورتی کافی عرصہ قبل ہی درخواست دائر کردی تھی لیکن این سی بی بار بار ان کی درخواست پر اعتراض لگاتا تھا، جس وجہ سے انہیں پاسپورٹ کی واپسی میں مشکلات ہوئیں۔
اب عدالتی حکم پر اداکارہ کو پاسپورٹ جاری کردیا گیا لیکن انہیں سفر سے پہلے حکام کو فلائٹ، ہوٹل اور سفر کے پروگرام کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی۔
ریا چکربورتی کے خلاف مذکورہ کیس تاحال زیر سماعت ہے لیکن اداکارہ کے اچھے برتاؤ کی وجہ سے انہیں پاسپورٹ ملا اور انہیں سماعتوں پر پیش ہونا ہوگا جب کہ انہیں اپنا موبائل فون بھی ہر وقت آن رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے