
دوسرا ون ڈے: بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، میچ کو بارش سے متاثر ہونے کے باعث 40 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آغاز اچھا نہ رہا۔
صائم ایوب23، عبداللہ شفیق 26 اور بابر اعظم صفر پر آوٹ ہوگئے، محمد رضوان نے 16 اور حسین طلعت نے 31 رنز بنائے جبکہ حسن نواز کے برق رفتار 36 رنز کی بدولت پاکستان 37 اوورز میں 7 وکٹوں پر 171 رنز تک پہنچا تو پھر بارش ہوگئی اور پاکستان کی اننگز مکمل نہ ہوسکی، جیڈن سیلز نے 3 جبکہ جیڈا بلیڈز، شمر جوزف، گداکیش موتی اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو 35 اوورز میں 181 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 33.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، روسٹن چیز نے 49 اور شرفین ردر فورڈ نے 45 رنز بنائے، حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی، روسٹن چیز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، فہیم اشرف اور اسپنر سفیان مقیم کو آرام دیا گیا ہے جب کہ فاسٹ باؤلر حسن علی، اسپنر محمد نواز اور ابرار احمد فائنل الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
قومی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کریں گے، ٹیم میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، نائب کپتان سلمان علی آغا شامل ہیں، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور ابرار احمد بھی دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے حسن نواز اور حسین طلعت کی شاندار بلے بازی کی بدولت میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 280 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا