
دلجیت دوسانجھ شہنشاہ ہیں، بھارتی اسے بادشاہ سمجھ کر قدر کریں، ناصر چنیوٹی
پاکستانی پنجابی کامیڈین و اداکار ناصر چنیوٹی نے بھارتیوں اور خصوصی طور پر بھارتی پنجابیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ کو بادشاہ سمجھ کر اس کی قدر کریں۔
ناصر چنیوٹی نے انسٹاگرام پر پنجابی میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے بھارتیوں کو اپیل کی کہ وہ اپنے فنکار کی قدر کریں، اسے وہ عزت دیں، جو اس کا حق ہے۔
پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج تک صرف دو بھارتی فلمیں کی ہیں اور دونوں فلمیں دلجیت دوسانجھ کی ہیں، جن میں کام کرکے انہیں بہت مزہ آیا۔
ناصر چنیوٹی نے کہا کہ وہ دلجیت دوسانجھ کو بھارتی نہیں بلکہ بھائی سمجھتے ہیں، وہ شہنشاہ آدمی ہیں اور بھارتیوں کو بھی اس کی قدر کرنی چاہیے۔
انہوں نے خصوصی طور پر بھارتی پنجابیوں کو اپیل کی کہ وہ اپنے شہنشاہ اداکار کی بادشاہ کی طرح عزت کریں، اسے پیار دیں۔
پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ ’سردار جی تھری‘ کو پسند کر رہے ہیں، فلم کے لیے محبت کا اظہار کر رہے ہیں، اسی طرح دلجیت دوسانجھ کو بھی پسند کیا جانا چاہیے، اس کی بھی قدر کی جانی چاہیے۔
خیال رہے کہ ناصر چنیوٹی نے بھی حال ہی میں دلجیت دوسانجھ کی ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ میں کام کیا ہے، مذکورہ فلم میں ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
بھارتی پنجابی فلم میں ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے کی وجہ سے جہاں ’سردار جی تھری‘ پر بھارت میں پابندی عائد کی گئی، وہیں دلجیت دوسانجھ کا بائیکاٹ بھی کیا گیا اور بھارتیوں نے انہیں غدار بھی قرار دیا۔
’سردار جی تھری‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے شاندار کمائی کی