خواتین میں مقابلہ بازی اور حسد سے بھی طلاقیں ہو رہی ہیں، حبا علی خان
معروف اداکارہ حبا علی خان نے کہا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کی جانب سے دوسری خواتین سے مقابلے بازی اور حسد کی وجہ سے بھی گھر اور رشتے ٹوٹ رہے ہیں۔
اداکارہ نے خواتین کو پرتعیش زندگی گزارنے والی خواتین سے اپنا موازنہ کرنے کو بھی سنگین خاندانی مسائل کا سبب بھی قرار دیا۔
اداکارہ نے حال ہی میں اے آر وائی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر، ذاتی زندگی کے نشیب و فراز اور پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں اپنی واپسی کے بارے میں بھی بات کی۔
انہوں نے نوجوان خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے خوابوں کا تعاقب کریں لیکن اپنی خودی اور اقدار کو نہ بھولیں۔
ایک سوال کے جواب میں حبا علی خان نے اپنی ایک قریبی سہیلی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں سہیلی کے شوہر نے فون کرکے بتایا کہ ان کی شادی صرف ان کی سہیلی کے حسد اور مقابلے کی عادت کی وجہ سے ختم ہو جائے گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں سہیلی کے شوہر نے بتایا کہ ان کی بیوی دوسروں کی مہنگی اشیا، جیسے کار یا کپڑوں کو دیکھ کر اپنے شوہر سے اسی طرح کی چیزوں کا مطالبہ کرتی رہتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق خواتین اپنے شوہروں کو کہتی ہیں کہ وہ دیکھو فلاں نے بیوی کے لیے ایسی کار خرید لی، تم میرے لیے کیوں نہیں خرید سکتے؟
ان کا کہنا تھا کہ خواتین شوہروں کو یہ بھی کہتی ہیں کہ فلاں خاتون نے اپنی سالگرہ پر فلاں قسم کا لباس پہنا، وہ بھی وہی پہننا چاہتی ہیں، انہیں ایسا لباس دلایا جائے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایسے مطالبات اکثر مالی حالات یا خاندانی پابندیوں سے ٹکراتے ہیں، جیسے کہ خاندان کی قدامت پسند اقدار کے باعث یا پھر مالی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ایسے مطالبات پورے نہیں کیے جا سکتے۔
حبا علی خان نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے شوہروں، اپنی خاندانی روایات اور مالی حالات دیکھ کر مطالبات کیا کریں، وہ اپنا موازنہ کسی اور سے نہ کیا کریں، ایسے مطالبات اور حسد رشتے اور گھر ٹوٹنے کا سبب بنتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق سوشل میڈیا نے خواتین کے ذہنوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور اس نے رشتوں کو بھی تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے خواتین کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا شوہر یہ نہیں کر سکتا، تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ناکام ہے، شوہر کی جانب سے ایسا نہ کرنے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں، ان اسباب کو سمجھنے کی کوشش کریں








































