
حکومت کا کراچی اور حیدرآباد کے درمیان نئی موٹروے بنانے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کے درمیان نئی موٹروے بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزیر برائے مواصلات علیم خان نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس دوران ایم-6 موٹروے کی تعمیر اور ایم-10 پر بات چیت کی گئی اور حیدرآباد-سکھر موٹروے پر کام جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم-10 کراچی سے حیدرآباد نئے موٹروے کا منصوبہ ہے جو 168 کلومیٹر طویل ہوگا، نیا ایم-10 موٹروے 10 انٹرچینج پر مشتمل ہوگا جب کہ ایم-10 موٹروے کے 2 حصے ہوں گے، کراچی سے حیدرآباد نئے موٹروے کے سروے کا کام شروع ہوچکا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری مواصلات علی شیر اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی صاحبزادہ شہریار سلطان شریک تھے۔
صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، علی حسن زرداری جب کہ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد-سکھر ایم-6 موٹر وے کافی عرصے سے نظرانداز کیا جارہا ہے، اب وفاقی حکومت نے اس سیکشن کی منظوری دی ہے جس پر جس پر وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں، منصوبے پر کام جلد شروع کیا جائے تاکہ عوام اور پورٹ ٹریفک کو سہولت ہو۔
وفاقی وزیر علیم خان نے کہا کہ ایم-6 موٹروے حیدرآباد-سکھر سیکشن 363 بلین روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہا ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس موٹروے کی تعمیر کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم-6 موٹروے کو 4 سیکشنز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں نوشہرو فیروز سے رانی پور، رانی پور سے سکھر، حیدرآباد سے ٹنڈو آدم اور ٹنڈو آدم سے نواب شاہ شامل ہیں