حمائمہ سے طلاق کے بعد فیروز خان کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں تھا، شمعون عباسی
سینئر اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ حمائمہ ملک سے طلاق کے بعد فیروز کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنا آسان تجربہ نہیں تھا، خاص طور پر ابتدا میں دونوں کے درمیان ایک غیر معمولی خاموشی رہی۔
شمعون عباسی اور اداکار فیروز خان ڈراما سیریل ’اکھاڑا‘ میں ساتھ نظر آئے، فیروز خان، شمعون عباسی کی سابقہ بیوی حمائمہ ملک کے بھائی ہیں۔
حال ہی میں شمعون عباسی نے پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے طلاق کے بعد فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
شمعون عباسی نے کہا کہ فیروز خان حقیقت میں ایک سپر اسٹار ہیں اور ان کی شہرت بناوٹی نہیں بلکہ اصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیروز خان جن کرداروں کی وجہ سے آج شہرت رکھتے ہیں، وہ انہوں نے پہلی مرتبہ ان کے ہی ڈرامے میں ادا کیا تھا اور وہ اکثر اسی طرز کے کردار نبھاتے ہیں، جن میں وہ بہت عمدہ اداکاری کرتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ حمائمہ ملک سے طلاق کے وقت فیروز خان نے اس رشتے کو بچانے کی کوشش بھی کی تھی، لیکن وہ سب کچھ قسمت میں لکھا تھا۔
شمعون عباسی نے انکشاف کیا کہ ڈراما سیریل ’اکھاڑا‘ کی شوٹنگ کے ابتدائی دنوں میں ان کے اور فیروز کے درمیان ایک غیر معمولی خاموشی تھی، ایسا نہیں تھا کہ فیروز خان کا رویہ ان کے ساتھ ٹھیک نہیں تھا، مگر وہ ان سے بات کرتے ہوئے ہچکچا رہے تھے، جو کہ فطری عمل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ شروع کے چار سے پانچ دن یہی کیفیت رہی پھر انہیں محسوس ہوا کہ شاید فیروز کے لیے بات چیت کا آغاز کرنا مشکل ہو، کیونکہ وہ ان سے عمر میں چھوٹے بھی ہیں، اس لیے انہوں نے خود پہل کی اور فیروز سے بات چیت شروع کی، جس کے بعد دونوں کے درمیان سب کچھ معمول پر آ گیا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ڈرامے کے کئی مناظر میں فیروز تھوڑے جذباتی ہو گئے، کیونکہ مکالمے ان کی ذاتی زندگی کی صورتحال سے مشابہ تھے اور انہوں نے فیروز کی آنکھوں میں آنسو بھی دیکھے۔
شمعون عباسی نے مزید کہا کہ وہ خوش ہیں کہ فیروز آج ایک بڑے اسٹار بن چکے ہیں اور وہ ان کی کامیابی کو دل سے سراہتے ہیں








































