
بیٹی کی مشترکہ پرورش میں شہروز سبزواری کتنی مدد کرتے ہیں، سائرہ یوسف نے بتادیا
اداکارہ سائرہ یوسف نے سابق شوہر شہروز سبزواری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹی نورے کی پرورش میں ہمیشہ معاون رہے اور کبھی بھی غیر ضروری یا متضاد نظریات پیش نہیں کرتے، جس سے بیٹی کی پرورش متاثر ہو سکتی ہو۔
سائرہ یوسف نے حال ہی میں ’دی مدرہوڈ پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سابق شوہر شہروز سبزواری کے ہمراہ بیٹی کی پرورش کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بیٹی نورے کی پرورش میں سابق شوہر شہروز سبزواری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ہمیشہ بیٹی کی بھلائی کو اپنی پہلی ترجیح بناتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہروز بیٹی کی پرورش میں ہمیشہ معاون رہے اور کبھی بھی غیر ضروری یا متضاد نظریات پیش نہیں کرتے، جس سے نورے کی پرورش متاثر ہو سکتی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی مشترکہ پرورش کرنے والے والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ ذہنی اور جذباتی طور پر فٹ اور صحت مند ہوں، تاکہ دونوں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے بچے کی بہتر پرورش کر سکیں۔
طلاق کے تجربے پر بات کرتے ہوئے سائرہ یوسف نے کہا کہ زندگی بعض اوقات ایسے حالات پیش کرتی ہے جو ہمارے قابو میں نہیں ہوتے اور یہ حالات ذہن پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق اس لیے ان حالات میں زیادہ سوچنا، مزاحمت یا کنٹرول کرنے کی کوشش ترک کر کے معاملات جیسے چل رہے ہوں انہیں ویسے ہی چلنے دینا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کے حالات سے نکلنے میں ان کی تھراپی نے بہت مدد کی اور انہوں نے تھراپی کے دوران یہ سیکھا کہ زندگی ختم نہیں ہوتی اور انسان کو کبھی کبھار چیزوں کو ویسے ہی قبول کرلینا چاہیے جیسی وہ ہوں۔
خیال رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی نورے ہے، جب کہ ان کے درمیان 2020 میں طلاق ہوگئی تھی۔
طلاق کے کچھ عرصے بعد ہی شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کرلی تھی اور ان سے بھی ان کی ایک بیٹی زہرہ ہے۔
طلاق کے بعد بھی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور وہ علیحدگی کے باوجود بھی بیٹی کی پرورش مل کر کر رہے ہیں