
بیوی کی جانب شوہر سے جھگڑے کی باتیں میکے والوں کو بتانے سے مسائل بڑھتے ہیں، غزالہ جاوید
سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے کہا ہے کہ بیوی کی جانب سے شوہر سے جھگڑے کی بات اپنے والدین، بہن، بھائیوں یا میکے میں کسی کو بھی بتانے سے مسائل بڑھتے ہیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسی طرح شوہر کو بھی بیوی سے جھگڑے کی بات اپنے والدین یا بہنوں سے نہیں کرنی چاہیے، کمرے کی بات کمرے تک محدود رہے تو معاملات بہتر رہتے ہیں۔
غزالہ جاوید حال ہی میں بول ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے نوجوان شادی شدہ جوڑوں میں اختلافات اور لڑائیوں پر بھی بات کی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس ہر روز 15 سے 20 لڑکیوں اور لڑکوں کے فون آتے ہیں، جن کے آپس میں جھگڑے رہتے ہیں۔
ان کے مطابق انہیں زیادہ تر شوبز میں نئی شادیاں کرنے والے جوڑے فون کرکے مسائل کا حل پوچھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ لڑکیوں کو یہی مشورہ دیتی ہیں کہ وہ شوہر سے جھگڑے کی بات اپنی والدہ تک کو نہ بتائیں۔
ان کے مطابق جب لڑکیاں شوہر سے جھگڑے یا اختلافات کی بات والدہ، بہن یا میکے میں کسی کو بھی بتاتی ہیں تو اس سے مسائل بڑھتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بیوی کی جانب سے شوہر کی باتیں میکے والے کو بتانے سے شوہر کی عزت خراب ہوتی ہے۔
غزالہ جاوید کے مطابق بیوی کی جانب سے ہر بات میکے والوں سے کرنے پر شوہر کی اپنے گھر والوں کے آگے عزت کم ہوتی ہے، پھر اسے گھر والے نظر انداز کرنے لگتے ہیں، جس سے مزید معاملات خراب ہوتے ہیں۔
انہوں نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ شوہر سے اختلافات یا جھگڑوں کی باتیں میکے والوں کو نہ بتائیں۔
اسی طرح انہوں نے لڑکوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بیوی سے اختلافات یا جھگڑے کی بات والدہ سمیت بہنوں کو بھی نہ بتائیں، اپنے معاملات خود حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس گھر میں مرد مضبوط ہوتا ہے، وہاں جھگڑے کم ہوتے ہیں، جو مرد اپنی والدہ اور بیوی کو یکساں عزت دیتا ہے، وہاں مسائل نہیں ہوتے