
بہاولنگر: خواجہ سرا سے ریپ کے الزام میں 2 نوجوان گرفتار، مقدمہ درج
بہاولنگر کے علاقے مروٹ میں پولیس نے خواجہ سرا کو ریپ کا نشانہ بنانے اور لوٹنے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ شادی کی تقریبات میں ناچ کر روزی کمانے والا خواجہ سرا 6 ستمبر کو علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے مروٹ میں اپنے گھر میں موجود تھا کہ گاؤں 314-ایچ آر کے دو نوجوان وہاں آئے اور اسے شادی کی تقریب میں رقص کے لیے بلانے کا بہانہ بنایا۔
اسی دوران ایک نوجوان نے زبردستی خواجہ سرا کا ریپ کیا جبکہ دوسرا پہرہ دیتا رہا، خواجہ سرا کی چیخ و پکار سن کر لوگ جب موقع پر پہنچے تو دونوں ملزمان متاثرہ شخص کا بٹوہ اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل
چشتیاں میں گھریلو جھگڑے پر ایک نوجوان نے اپنے دو کزنز کی مدد سے بڑے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
سٹی صدر تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق گاؤں ماری شوک شاہ کا رہائشی علی وقاص اپنے کزنز امتیاز اور قاسم کے ہمراہ کسی گھریلو مسئلے پر اپنے بڑے بھائی ظفر اقبال سے الجھ پڑا۔
6 ستمبر کو امتیاز اور قاسم نے دوبارہ ظفر سے جھگڑا شروع کیا، اسی دوران علی وقاص نے اپنے بھائی پر رائفل سے فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے