بنوں: نورڈ میں دہشتگردوں کی بھتہ وصولی کیلئے عوامی شاہراہ پر ناکہ بندی کی کوشش ناکام
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے نورڑ میں دہشت گردوں کی عوامی شاہراہ پر ناکہ بندی لگانے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی۔
ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق دہشت گردوں نے زبردستی چندہ (بھتہ) وصول کرنے کے لیے عوامی شاہراہ پر ناکہ بندی لگانے کی کوشش کی۔
ڈی پی او کے مطابق بنوں پولیس کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے، دہشت گردوں کے پاس بھاری ہتھیار اور اسنائپر رائفلز بھی موجود تھیں۔
ڈی پی او نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں، عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کیلئے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں دہشت گردوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی تھی، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا، ڈی پی او بنوں نے بتایا تھا کہ دہشت گرد مقامی آبادی سے زبردستی چندہ اکٹھا کر رہے تھے








































