
بارشوں کے پیش نظر کراچی میں آج نجی و سرکاری اسکول بند
کراچی میں بارشوں کے پیش نظر سندھ حکومت کے اعلان کے بعد نجی و سرکاری اسکول آج بھی بند ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے اعلان کیا کہ بارشوں کے پیش نظر جمعرات 21 اگست کو کراچی ڈویژن کے سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز بند رہیں گے۔
ادھر، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے کل تمام امتحانات ملتوی کر دیے۔
ترجمان زہیب احمد خان نے بتایا کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت سندھ نے شدید بارش کے باعث کراچی میں آج نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا تھا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر کی صورتحال کے پیش نظر کل تمام نجی و سرکاری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، کراچی میں اربن فلڈنگ جیسی صورتحال کے سبب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں مون سون کے طوفانی اسپیل کے بعد دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے شہر میں آج اور کل مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 15 ہوگئی، گلستان جوہر میں گھر کی دیوار گرنے سے 4، شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے