بابراعظم نے روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی سے بھی ریکارڈ چھین لیا
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے دو دن میں دو بھارتی بلے بازوں کا ریکارڈ توڑ دیا، دو روز قبل وہ روہت شرما کا ریکارڈ توڑ کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بنے تھے اور کل وہ نصف سینچری بنانے کے بعد ٹی20 میں سب سے زیادہ 50 پلس رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں کم بیک کرنے والے بابراعظم پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسرے میچ میں سابق بھارتی کپتان روہت شرما کا مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوئے۔
دوسرے میچ میں بابراعظم نے اگرچہ صرف 11 رنز بنائے، لیکن اسی دوران انہوں نے 159 ٹی20 انٹرنیشنل میں 4 ہزار 231 رنز بنانے والے روہت شرما سے ریکارڈ چھین لیا، بابر نے صرف 130 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کر کے اپنا نام تاریخ میں درج کروا دیا۔
تیسرے ٹی20 میں بابر نے ایک اور کارنامہ انجام دیا، انہوں نے نصف سینچری اسکور کرکے نہ صرف ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا بلکہ صرف 36 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر تاریخ رقم کر دی۔
خیال رہے کہ یہ بابر اعظم کی مئی 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف اننگز کے بعد پہلی ٹی20 نصف سنچری تھی۔
بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے کریئر کی 37ویں نصف سنچری مکمل کی اور بھارت کے ویرات کوہلی کو ایک بڑے سنگ میل میں پیچھے چھوڑ دیا۔
اس اننگز کے ساتھ بابراعظم اب ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکورز (37 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں) بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل وہ ویرات کوہلی کے ہم پلہ تھے جو 39 ففٹی پلس (38 نصف سنچریاں اور ایک سنچری) بناچکے تھے۔
— فوٹو: ون کرکٹ
بھارت کے روہت شرما 37 ففٹی پلس اسکورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جب کہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 31 ففٹی پلس اسکورز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔
دوسری جانب، بابر اعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ شکر گزار ہوں کہ میں دوبارہ وہی کر رہا ہوں جو مجھے پسند ہے، اُن سب کا شکریہ جنہوں نے خاموشی کے وقت میں مجھ پر یقین رکھا۔
واضح رہے کہ تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے بابراعظم نے 47 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی، شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا







































