پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نذیر چوہان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا،ان پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف کارسرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ گرین ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ ایس ایچ او گرین ٹاؤن صغیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دن نذیر چوہان اپنے کو آرڈینیٹر اور 25 نامعلوم افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشن آئے۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم پی اے نذیر چوہان نے ایس ایچ او سے بد تمیزی کی، انہوں نے پولنگ اسٹیشن کے اندر زبردستی جانے کی کوشش بھی کی۔متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس کے روکنے پر نذیر چوہان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔