
ایف بی آر کی آڈٹ رپورٹ میں 168 ارب روپے کے سپرٹیکس کی چوری کا انکشاف
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی آڈٹ رپورٹ میں سپر ٹیکس کی مد میں 168 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپر ٹیکس سال 2022 میں 15 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن پر لگایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 23-2022 اور 24-2023 میں 1026 افراد نے سپر ٹیکس جمع نہیں کرایا، اور 168 ارب روپے کا ٹیکس چوری کیا گیا۔
آڈٹ حکام کے مطابق ایف بی آر نے نہ ہی کوئی قانونی کارروائی شروع کی اور نہ ہی کوئی ایکشن لیا۔
حکام کے مطابق ایف بی آر کو فروری اور نومبر 2024 میں اس بےقاعدگی اور ٹیکس چوری سے آگاہ کیا اور جنوری2025 میں ایف بی آر کو قانونی کارروائی شروع کرنے کا کہا گیا۔
آڈٹ حکام کے مطابق ایف بی آر نے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ریکور کیے ہیں اور ایک ارب 94کروڑ روپے کے نوٹس بھی ارسال کیے ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جواب میں کہا ہے کہ 6ارب 33 کروڑ روپے کی ریکوری کے کیسز عدالتوں میں ہیں، 160 ارب کی ریکوری کے لیے کارروائی شروع کی لیکن کوئی ریکوری نہیں ہوئی۔
آڈٹ حکام نے ایف بی آر سے ریکوری کا عمل تیز کرنے کی سفارش کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کیا ہے