ایشین کپ کوالیفائر: اوٹس خان نے پنالٹی کک ضائع کردی، پاک-افغانستان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر
اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا، دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کر لیا۔
اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اوٹس خان کی جانب سے پنالٹی کک مس کرنے کے باعث پاکستان اور افغانستان کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، قومی ٹیم نے ایشین کپ 2027 کے تیسرے مرحلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ افغان ٹیم ویزا مسائل کے باعث میچ سے صرف 24 گھنٹے قبل اسلام آباد پہنچی تھی، جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو تیاری کا زیادہ موقع بھی نہیں مل سکا۔
تاہم، دوران میچ میزبان ٹیم بھی متعدد مواقع ملنے کے باوجود اس کا فائدہ نہ اٹھا سکی، اوٹس خان کی جانب سے پنالٹی کک کا شاندار موقع کو ضائع کرنے سمیت کئی بہترین چانس گول میں بدل نہ سکے، حالانکہ پُرجوش تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی دکھائی دی۔
ڈرا کے بعد پاکستان اور افغانستان نے گروپ ‘ای’ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا، تاہم دونوں ٹیمیں 5 پوائنٹس کے فرق سے گروپ کی مشترکہ ٹاپ ٹیموں، شام اور میانمار سے پیچھے ہیں۔
شام کی ٹیم آج میانمار کے خلاف میچ کی میزبانی کر رہی ہے، دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی میچز میں کامیابیاں حاصل کر رکھی ہیں، واضح رہے کہ گروپ کی فاتح ٹیم سعودی عرب میں شیڈول ٹورنامنٹ کے فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔








































