
ایشیا کپ 2025 کیلیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان، شبمن گِل کی بطور نائب کپتان واپسی
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2025 کے لیے سوریا کمار یادو کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، شبمن گل کی ایشیا کپ کے لیے بھارت کے ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، انہیں اکشر پٹیل کی جگہ نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس کی قیادت سوریا کمار یادو کریں گے، اسکواڈ میں ابھشیک شرما اور سنجو سیمسن کو بطور اوپنر شامل کیا گیا ہے تاہم شبمن گل کے نائب کپتان بننے کے بعد اوپننگ میں ان کا انتخاب یقینی سمجھا جا رہا ہے۔
چیئرمین سلیکٹرز اجیت اگارکر نے ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شبمن گل میں لیڈرشپ کوالٹی ہے، انگلینڈ میں ان کی کارکردگی ہماری توقعات سے کہیں بڑھ کر تھی، یہ ایک اچھا اشارہ ہے جب دباؤ زیادہ ہو اور آپ اس طرح پرفارم کریں۔
مڈل اور لوئر آرڈر میں سوریا کمار یادو، تلا ک ورما، رنکو سنگھ اور جیتیش شرما شامل ہیں، 3 آل راؤنڈرز میں اکشر پٹیل، ہاردک پانڈیا اور شیوام دوبے کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، باؤلنگ آپشنز میں جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ورن چکرورتی اور ہرشت رانا شامل ہیں۔
ٹاپ آرڈر بلے باز یشسوی جیسوال اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، تاہم بی سی سی آئی نے ایشائی ایونٹ کے لیے 5 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے جن میں پرسیدھ کرشنا، واشنگٹن سندر، ریان پراگ اور دھروو جورل شامل ہیں۔
شریاس آئیر، جنہوں نے آئی پی ایل 2025 میں 175 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 604 رنز اسکور کیے اور پنجاب کنگز کو فائنل تک پہنچایا، وہ بھی 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہو سکے۔
دوران پریس کانفرنس اجیت اگارک اگارکر نے مزید کہا کہ یشسوی جیسوال کے معاملے میں یہ بدقسمتی ہے، ابھشیک شرما نے گزشتہ سال میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور وہ بولنگ بھی کر لیتے ہیں، ان میں سے کسی ایک کو باہر ہونا ہی تھا، یشسوی کو اپنا موقع ملنے تک انتظار کرنا ہوگا۔
شبمن گل اس سے قبل جولائی 2024 میں سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نائب کپتان تھے، لیکن اس کے بعد بھارت نے انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس پر توجہ دینے کے لیے ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جب کہ اکشر پٹیل کو جنوری میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں نائب کپتان بنایا گیا تھا۔
ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم، پاکستان کے ساتھ گروپ اے کا حصہ ہے، بھارت کا پہلا مقابلہ 10 ستمبر کو دبئی میں یو اے ای کے خلاف شیڈول ہے، 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اسی میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، 19 ستمبر کو ابو ظہبی میں بھارت کا عمان سے مقابلہ ہوگا۔
بھارت کا ایشیا کپ اسکواڈ
سوریا کمار یادو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ہاردک پانڈیا، ارشدیپ سنگھ، ابھشیک شرما، تلا ک ورما، شیوام دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ورن چکرورتی، کلدیپ یادو، ہرشت رانا، رنکو سنگھ،سنجو سیمسن
ریزرو کھلاڑی
پرسیدھ کرشنا، واشنگٹن سندر، ریان پراگ، دھروو جورل، یشسوی جیسوال