
ایران-اسرائیل جنگ کے باعث پاکستان کا فلائٹ آپریشن متاثر، 16 پروازیں منسوخ
ایران اور اسرائیل کے درمیان خون ریز جنگ کے باعث خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کا فلائٹ آپریشن مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق پاکستان سے متعدد ممالک کو جانے والی فلائٹس منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران روانہ ہونے والی 8 پروازوں سمیت مجموعی طور پر 16 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث اسلام آباد سے نجف جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں۔ حکام کے مطابق جدہ، دبئی، بحرین اور راس الخیمہ سے اسلام آباد کی پروازیں بھی ایک سے 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا آغاز اُس وقت ہوا جب اسرئیل نے 12 جون کو ایران کے متعدد مقامات پر حملے کر کے پاسداران انقلاب کے سربراہ، آرمی چیف اور 6 جوہری سائنسدانوں کے علاوہ 5 شہریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا